ریٹیلرز کے مسائل : اشیاء کی ترسیل میں تاخیر

ریٹیلرز کے مسائل : اشیاء کی ترسیل میں تاخیر

ریٹیلر شپ میں کمپنی ریٹیلر کو پروڈکٹس فراہم کرتی ہے اور ریٹیلر ان پروڈکٹس کی مارکیٹ میں طلب کے مطابق فراہمی کو یقینی بناتے ہیں۔ اس طریقہ کار میں تینوں فریق یعنی کمپنی، ریٹیلر اور کسٹمر کا فائدہ ہوتا۔ کمپنی کی پروڈکٹس کی تشہیر ہوتی رہتی ہے، ریٹیلر کا کاروبار بڑھتا ہے جبکہ کسٹمر کو اپنے نزدیکی مراکز سے  مطلوبہ پروڈکٹ با آسانی دستیاب ہوتی رہتی ہے۔

جہاں اس طریقہ کار کے بہت سے فوائد ہیں وہاں کچھ ایسے مسائل بھی ہیں جن کا ریٹیلز کومتعدد بار سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان مسائل میں کسٹمرز کی پروڈکٹ کے حوالے سے ہر لمحہ بدلتی توقعات، کسٹمر کا پروڈکٹ پر اعتماد برقرار رکھنا، کمپنی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا اور اپنے ملازمین کی کام میں دلچسپی کو بنائے رکھنا شامل ہے۔ تاہم یہ مسائل ثانوی نوعیت کے ہیں جن پر ریٹیلر حضرات کسی نہ کسی طریقے سے قابو پا لیتے ہیں۔ دورِ حاضر میں ریٹیلر کو سب سے بڑا مسئلہ کمپنی کی طرف سے سامان کی بروقت اور بحفاظت ترسیل اور پہلے سے موجود سٹاک کی مدتِ معیاد کے ختم ہو جانے کا ہےجس کی وجہ سے مارکیٹ میں ریٹیلر سے کسٹمر کا اعتماد زائل ہو جاتا ہے۔بعض پروڈکٹ جو کسٹمر واپس کرنا چاہتاہے یا ان کی مدتِ معیاد ختم ہو جاتی ہے یا ان میں کوئی خرابی آجا تی ہے اس کو کمپنی کو واپس کرنے یا ان کا کلیم کرنے  کا  مسئلہ بھی بہت اہم ہے۔ ایسی صورت میں کمپنی اپنے اصول و ضوابط کے حساب سے چلتی ہے یعنی کمپنی مجمو عی طور پر پورے سامان کا کلیم نہیں دیتی اور نہ ہی ایسے مال کو واپس لیتی ہے جس کی مدتِ میعاد ختم ہو گئی ہو بلکہ کمپنی مجموعی مال کے تناسب کے حساب سے کچھ فیصد مال واپس رکھ لیتی ہے  جس کے نتیجے میں ریٹیلر کو کا فی نقصان ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بعض اوقات ریٹیلر کے کمپنی کو آرڈرز چلے جاتے ہیں لیکن مال کی بر وقت رسد نہیں پہنچتی اور اس کے بعد ریٹیلر کو پورا ہفتہ تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں اس کی ساکھ بری طرح متاثر ہوتی ہے۔کبھی رسد آ بھی جائے تو وہ طلب کے مطابق نہیں ہوتی بلکہ اس میں کوئی نہ کوئی کمی بیشی رہ جاتی ہے۔بروقت سامان کی ترسیل نہ ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں ، اس ضمن میں کچھ بنیادی وجوہات کا ذکر کریں گے جن پر قا بو پا کر اس سنگین مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

سامان کی ریٹیلر تک ترسیل اور پھر اس کی مارکیٹ میں کسٹمرز تک فراہمی یک طرفہ معاملہ نہیں ہے ۔ اس پورے عمل میں مناسب اور پُر اثر ابلاغ اور رابطے کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔اگر کمپنی اور ریٹیلر کے درمیان مناسب رابطے کا فقدان پایا جائے تو اس سے سب سے زیادہ متاثر سامان کی بر وقت ترسیل ہو گی۔ کمپنی اور ریٹیلر کو بہتر کاروباری نتائج حاصل کرنے کے لئے چاہیے کہ وہ مسلسل رابطے میں رہیں اور جس پروڈکٹ کی بھی مارکیٹ میں ضرورت ہو اس کو  عین موقع پر منگوانے کی بجائے کچھ عرصہ پہلے ہو کمپنی کے علم میں لا دینا چاہئے کہ فلاں پروڈکٹ کی ضرورت ہے۔

ریٹیلر اور کمپنی کو نامساعد حالات کے عنصر کو بھی مدِ نظر رکھنا چاہئے۔ نامساعد حالات بھی سامان کی ترسیل میں ایک بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر مختلف ہڑتالوں، مظاہروں اور جلسے جلوسوں کی وجہ سے اکثر ہمارے ذرائع نقل و حمل متاثر ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ نا گہانی آفات کے عنصر سے بھی صرفِ نظر نہیں برتنا چاہیئے اور سامان کی طرسیل کی حکمتِ عملی ان تمام حالات و واقعات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تشکیل دینی چاہیئے کہ کس طرح متبادل ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے سامان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس کے علاوہ سامان کی ترسیل بروقت نہ ہونے میں  کمپنی اور ریٹیلر میں دور اندیشی کا فقدان بھی اہم مسئلہ ہے۔ریٹیلر اور کمپنی کو اپنی تمام تر پروڈکٹس اور مارکیٹ میں ان کی کھپت کے حوالے سے مکمل اندازہ اور علم ہونا چاہیئے ریٹیلر کو اس چیز کا بخوبی اندازہ ہونا چاہیئے کہ اس کی پروڈکٹ کا کتنا سٹاک کتنے دن تک چل سکتا ہے اور اسی حساب سے اسے کمپنی سے اس سٹاک کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانا چاہیئے۔

Share this post